ایل او سی پر بھارتی جھوٹ بے نقاب کرنے کیلئے میڈیا کو دورے پر لے جایا جائے گا: وزارت اطلاعات

ایل او سی پر بھارتی جھوٹ بے نقاب کرنے کیلئے میڈیا کو دورے پر لے جایا جائے گا: وزارت اطلاعات

اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کو آج اور کل لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دورے پر لے جایا جائے گا تاکہ بھارت کے جھوٹے اور من گھڑت دعووں کو بے نقاب کیا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دورے کا مقصد بھارتی میڈیا اور سرکاری اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خیالی کیمپس کے حوالے سے کیے جانے والے پروپیگنڈے کی حقیقت دنیا کے سامنے لانا ہے۔ بھارت نے ایل او سی کے قریبی علاقوں میں دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں کا بارہا الزام لگایا ہے، جو مکمل طور پر جھوٹ اور بے بنیاد ہیں۔وزارت اطلاعات کے مطابق میڈیا وفد کو ان تمام مقامات پر لے جایا جائے گا جنہیں بھارت دہشت گردوں کے مبینہ کیمپس قرار دیتا رہا ہے، تاکہ عالمی برادری خود حقائق کا مشاہدہ کر سکے۔

حکام نے واضح کیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی نہ صرف مذمت کرتا ہے بلکہ اس کے خلاف عملی اقدامات بھی کرتا رہا ہے۔ پاکستان دنیا کے سامنے شفافیت اور حقائق کی بنیاد پر اپنی پوزیشن پیش کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔بیان کے آخر میں وزارت اطلاعات نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر بھارت کی جانب سے اگر کوئی بھی جارحیت کی گئی تو اس کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔