سی سی ڈی :گمشدہ ، مغوی 9 بچے بازیاب

لاہور سمیت مختلف شہروں سے بازیاب کیے گئے بچوں کو ماہر نفسیات کی مدد سے کونسلنگ فراہم کی گئی، والدین کے سپرد
لاہور (کرائم رپورٹر) سی سی ڈی اغواء برائے تاوان سیل نے گمشدہ بچوں اور اغواء کی اطلاعات پر لاہور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری رکھا۔ منشیات اور زیادتی کا شکار گمشدہ اور گھر سے بھاگے 9 بچے بازیاب کروا لیے گئے۔ بازیاب کروائے گئے بچوں کو بحفاظت والدین کے سپرد کر دیا گیا۔ترجمان سی سی ڈی کے مطابق تین بچوں کے اغواء کے مقدمات تھانہ گرین ٹائون لاہور، تھانہ کاہنہ اور تھانہ کسووال ضلع ساہیوال میں درج تھے۔ منشیات اور زیادتی کا شکار بچوں اور ان کے والدین کی ماہرین نفسیات سے کونسلنگ کروائی جا رہی ہے۔بازیاب کروائے گئے بچوں کا تعلق لاہور، شیخوپورہ، گجرنوالہ، قصور، ساہیوال، سیالکوٹ، پاکپتن سمیت مختلف شہروں سے ہے۔ گمشدہ اور گھر سے بھاگے بچوں کو داتا دربار، ریلوے اسٹیشن اور بس سٹینڈز سے بازیاب کروایا گیا۔ہمارا پیارا ایپ اور ورچوئل چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز، سوشل میڈیا کے ذریعے بچوں کی تلاش میں معاون رہے۔ دکھی والدین نے سی سی ڈی کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ویڑن کے تحت بچوں سے زیادتی، استحصال اور چائلڈ لیبر ہماری ریڈ لائن قرار دی گئی ہے۔