سی سی ڈی کا سرچ آپریشن، 6 گمشدہ بچے بازیاب

 بچے مختلف شہروں سے لاپتہ، جبری مشقت اور استحصال کا شکار رہے 
لاہور(کرائم رپورٹر) سی سی ڈی اغواء برائے تاوان سیل نے لاہور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 6 گمشدہ بچوں کو بازیاب کروا لیا۔ترجمان سی سی ڈی کے مطابق بازیاب ہونے والے بچوں کا تعلق بہاولنگر، اوکاڑہ اور فیصل آباد سمیت مختلف شہروں سے ہے۔ یہ بچے مختلف وجوہات کے باعث گمشدہ یا گھروں سے فرار ہو کر لاہور پہنچے تھے، جہاں انہیں جبری مشقت پر مجبور کیا جاتا رہا۔ ترجمان نے انکشاف کیا کہ افسوسناک طور پر بعض بچے منشیات کے استعمال اور جنسی استحصال جیسے جرائم کا بھی شکار ہوئے۔بچوں کی تلاش کے لیے ''ہمارا پیارا'' ایپ، ورچوئل چائلڈ پروٹیکشن سینٹر اور سوشل میڈیا سے مدد لی گئی، جس کے ذریعے ان بچوں کا سراغ لگا کر انہیں والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ ان والدین نے پہلے ہی اپنے بچوں کے اغواء￿  کے مقدمات مختلف تھانوں میں درج کروا رکھے تھے۔ترجمان کے مطابق بازیاب شدہ بچوں اور والدین کی ماہرینِ نفسیات کے ذریعے کونسلنگ بھی کرائی جا رہی ہے تاکہ وہ اس صدمے سے نکل کر دوبارہ معمول کی زندگی گزار سکیں۔