گرفتار ملزموںکے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) شاہدرہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان وارداتوں کے دوران شہریوں کو اسلحہ کے زور پر لوٹتے تھے۔پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، 6 موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ برآمد شدہ موٹر سائیکل چوری شدہ ہے، جس کا مقدمہ تھانہ شاہدرہ میں درج ہے۔ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق گرفتار ملزمان حزب اللہ اور شیر علی گلی محلوں میں معصوم شہریوں سے زبردستی نقد رقم اور موبائل فون چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا۔ایس پی سٹی بلال احمد نے سٹریٹ کرائم میں ملوث گروہ کی گرفتاری پر ایس ایچ او شاہدرہ اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔