بالی ووڈ کے معروف اداکار بوبی دیول نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے دونوں بیٹے آریامن اور دھرم دیول اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے جا رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بوبی دیول اس وقت اپنے کیریئر کے سنہری دور سے گزر رہے ہیں۔ تین دہائیوں پر محیط فنی سفر کے باوجود وہ آج بھی فلموں اور ویب سیریز میں مرکزی کرداروں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ان دنوں بوبی دیول، شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ڈیبیو سیریز میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ایک حالیہ انٹرویو میں بوبی نے بتایا کہ ان کا بیٹا آریامن اپنی محنت اور عزم سے بالی ووڈ میں جگہ بنانا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق، "میں اپنے بیٹوں کو ہمیشہ کہتا ہوں کہ کامیابی راتوں رات نہیں ملتی، بلکہ مسلسل محنت سے حاصل ہوتی ہے۔"
بوبی دیول نے مزید کہا کہ ان کی اہلیہ تانیا دیول ہمیشہ ان کے لیے سب سے بڑا سہارا رہی ہیں۔خیال رہے کہ بوبی دیول اس وقت اپنی آنے والی فلموں "بندر" اور "الفا" پر کام کر رہے ہیں، جبکہ ان کی فلم "انیمل" میں منفی کردار نے انہیں نئی شناخت دی تھی۔