بالی ووڈ اداکار بوبی دیول نے فلم 'اینیمل' میں ولن کا کردار ادا کیا، جو ان کی مقبولیت میں اضافے کا باعث بنا۔
اس فلم میں ان کا گانا 'جمال کڈو' اور اس پر انوکھا ڈانس مداحوں کے درمیان خاص موضوع بن گیا۔بھارتی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں بوبی دیول نے بتایا کہ گانے کے وائرل اسٹیپ کی اصل کہانی کیا ہے۔ انہوں نے کہا:
"ڈائریکٹر سندیپ ریڈی وانگا نے مجھ سے کہا کہ یہ سین تمہاری شادی کا ہے، اور تمہیں ڈانس کرنا ہے۔ میں نے جواب دیا کہ میں کوریوگرافر کے ساتھ رقص نہیں کر سکتا، اور اپنے حساب سے ڈانس کرنا شروع کر دیا۔ سندیپ چاہتے تھے کہ میرا کردار 'ابرار' جیسا لگے، نہ کہ بوبی دیول جیسا۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنے ساتھی اداکار سوربھ سچدیوا (جو فلم میں ان کے بھائی کا کردار ادا کر رہے تھے) سے مشورہ لیا۔
"جب سوربھ نے ڈانس کرنا شروع کیا تو مجھے اپنی زندگی کے مختلف ادوار یاد آنے لگے، اور اچانک میں نے اپنی مخصوص حرکات کو گانے کا حصہ بنا دیا۔"
بوبی دیول نے وضاحت کی کہ اس ڈانس کے لیے ان کی موٹیویشن بچپن میں پنجاب کے سفر سے ملی:
"گرمیوں اور سردیوں کی چھٹیوں میں، میں پنجاب جایا کرتا تھا۔ رات کے وقت مرد شراب پینے کے بعد میوزک پر گلاس اور بوتلیں سر پر رکھ کر ناچتے تھے۔ میں نے وہی حرکت گانے میں شامل کی۔"
انہوں نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:
"مجھے اندازہ نہیں تھا کہ میرا ڈانس اتنا مقبول ہو جائے گا۔ میں نے بس گلاس اپنے سر پر رکھا اور ناچنا شروع کر دیا۔ اگلی چیز جو معلوم ہوئی وہ یہ کہ یہ وائرل ہوگیا۔ یہ واقعی حیرت انگیز تجربہ تھا۔"
بوبی دیول کا یہ ڈانس ان کے مداحوں اور فلم بینوں کے لیے یادگار بن گیا اور فلم میں ان کی پرفارمنس کو مزید خاص بنا دیا۔