رنبیر کپور نے اداکاری کے بعد ہدایتکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کا فیصلہ کر لیا

رنبیر کپور نے اداکاری کے بعد ہدایتکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کا فیصلہ کر لیا

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور نے اداکاری کے بعد ہدایتکاری کے میدان میں بھی قسمت آزمانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اپنی پہلی فلم کی تیاری شروع کردی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور نے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ وہ آئندہ 2 سے 3 سال کے دوران بطور ہدایتکار اپنی پہلی فلم کی شوٹنگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔اداکار نے بتایا کہ وہ گزشتہ چند ماہ سے اپنی پہلی فلم کا اسکرپٹ لکھنے میں مصروف ہیں۔ ان کے مطابق اسکرپٹ لکھنے کا عمل ان کے لیے ایک مشکل ضرور ہے، تاہم یہ تجربہ انہیں دلچسپ بھی محسوس ہو رہا ہے۔رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ وہ ایک ایسی ڈرامہ فلم بنانا چاہتے ہیں جو ناظرین کے دلوں پر خوشگوار اثر چھوڑے اور دیکھنے والوں کے لیے ایک یادگار تجربہ ثابت ہو۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہدایتکاری کے منصوبے پر عملی طور پر کام شروع کرنے سے پہلے وہ اپنے تمام زیرِ تکمیل اداکاری کے منصوبے مکمل کریں گے۔اداکار نے مزید بتایا کہ وہ اپنی پہلی فلم میں بطور ہدایتکار خود اداکاری نہیں کریں گے۔ اس طرح رنبیر کپور پہلی مرتبہ کیمرے کے سامنے اداکاری کرنے کے بجائے اس کے پیچھے رہ کر فلم کی ہدایتکاری کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔