بوبی دیول نے منیشا کوئرالہ کے ساتھ رومانوی سین سے انکار کی دلچسپ وجہ بتا دی

بوبی دیول نے منیشا کوئرالہ کے ساتھ رومانوی سین سے انکار کی دلچسپ وجہ بتا دی

بالی ووڈ اداکار بوبی دیول نے اپنی مشہور فلم ’گپت: دی ہڈن ٹروتھ‘ کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے ایک دلچسپ واقعے کا انکشاف کیا ہے، جس میں انہوں نے ساتھی اداکارہ منیشا کوئرالہ کے ساتھ رومانوی منظر کی عکس بندی سے انکار کی وجہ بھی بتائی۔

ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بوبی دیول نے اپنی شوٹنگ کے دنوں اور ساتھی فنکاروں کے ساتھ یادگار لمحات شیئر کیے۔ اسی دوران انہوں نے فلم ’گپت‘ کے ایک خاص سین کا ذکر کیا جو منیشا کوئرالہ کے ساتھ فلمایا جا رہا تھا۔بوبی دیول کے مطابق سرد موسم میں شوٹنگ جاری تھی اور اس دوران منیشا کوئرالہ بڑے شوق سے “چنا زور گرم” کھا رہی تھیں۔ بعد ازاں جب ایک رومانوی گانے کی شوٹنگ شروع ہوئی تو ایک ایسا منظر عکس بند ہونا تھا جس میں منیشا کو ان کی ٹھوڑی پر کاٹنے کا تاثر دینا تھا۔اداکار نے ہنستے ہوئے بتایا کہ پیاز اور اس قسم کے کھانے کی تیز خوشبو کے باعث وہ اس منظر میں مطلوبہ تاثرات دینے میں مشکل محسوس کر رہے تھے، جس کی وجہ سے انہوں نے مزاحیہ انداز میں اس سین پر ہچکچاہٹ کا اظہار کیا۔

بوبی دیول نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے مذاقاً اس صورتحال کا “بدلہ” لینے کی کوشش کی اور فلم کے ایک نئے اداکار کو مشورہ دیا کہ بہتر اداکاری کے لیے پیاز کھا لیا کرے، تاہم ان کی یہ کوشش زیادہ کامیاب نہیں ہو سکی۔واضح رہے کہ 1997 میں ریلیز ہونے والی فلم ’گپت: دی ہڈن ٹروتھ‘ آج بھی بالی ووڈ کی مقبول ترین تھرلر فلموں میں شمار کی جاتی ہے، جسے ناظرین نے بے حد پسند کیا تھا۔