لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق سینیٹر اعجاز چوہدری نے اپنی نااہلی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
اعجاز چوہدری نے ایک نئی درخواست دائر کی ہے جس میں چیئرمین سینیٹ، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت سے سزا کے بعد الیکشن کمیشن نے ان کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، حالانکہ کسی بھی رکن سینیٹ کو مؤقف سنے بغیر نااہل قرار نہیں دیا جا سکتا۔اعجاز چوہدری کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین سینیٹ کے ریفرنس کے بغیر الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کرنا غیر قانونی ہے۔ مزید کہا گیا کہ سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کرنا بھی قانون کے منافی ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نااہلی کے نوٹیفکیشن اور ضمنی انتخاب کے شیڈول کو کالعدم قرار دیا جائے۔