پی این ایس سی کا موجودہ فلیٹ 15 جہازوں تک بڑھایا جائے گا وفاقی وزیر

  2026 تک 30 جہازوں پر مشتمل فلیٹ  کا ہدف مقرر کیا گیا ہے‘ تین نئے آئل ٹینکرز رواں سال دسمبر تک فلیٹ میں شامل کر لئے جائیں گے
 قومی شپنگ فلیٹ کی وسعت سے زرمبادلہ کی بچت ہو گی‘ بین الاقوامی تجارتی روابط کو  فروغ ملے گا، جو  معیشت کے استحکام کیلئے ضروری ہے:جنید انوار چودھری
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چودھری نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن  کے فلیٹ میں توسیع کے سلسلے میں اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے فوری طور پر نئے جہازوں کی خریداری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا ہے  پی این ایس سی کا موجودہ فلیٹ 15 جہازوں تک بڑھایا جائے گا، جبکہ  2026 تک 30 جہازوں پر مشتمل فلیٹ  کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں تین نئے آئل ٹینکرز رواں سال دسمبر تک فلیٹ میں شامل کر لیے جائیں گے، جن کے نام ایم ٹی کراچی، ایم ٹی لاہور، اور ایم ٹی کوئٹہ رکھے جائیں گے۔وزیر بحری امور نے بتایا کہ ان تین جہازوں کی خریداری کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے، جبکہ مزید  12 جہازوں کے لیے نئے ٹینڈرز جاری کر دیے گئے ہیں ۔ یہ اقدام پاکستان کی بحری صلاحیت کو بڑھانے اور ملکی تجارت کو مستحکم کرنے کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ قومی شپنگ فلیٹ کی وسعت سے نہ صرف زرمبادلہ کی بچت ہو گی بلکہ بین الاقوامی تجارتی روابط کو بھی فروغ ملے گا، جو ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔