مخالفین جھوٹا پروپیگنڈا کررہے ہیں، کسی فیکٹری کو بچایا گیا، اگر میری بھی فیکٹری ہو تو میں کہوں گی آبادی کو بچائیں
جہاں جہاں متاثرین کو مدد کی ضرورت ہے وہاں مدد پہنچائیں، آبادی کو بچانا ہے، لوگوں کی جانوں کو بچانا ہے: وزیراعلی
جھنگ(آئی این پی)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے جھنگ کے سیلا ب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، وہ ضلع کے نواحی تریموں بیراج پہنچ گئیں اورسیلابی پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔مریم نواز شریف کو سکاڈا کنٹرول روم میں سیلاب کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر علی اکبر نے بریفنگ دی۔وزیر اعلی پنجاب نے ہدایت کہ آخری فرد تک ریسکیو آپریشن کے دائرہ کار بڑھایا جائے اور سیلاب متاثرین کی تلاش کے لئے ڈرون، تھرمل امیجنگ کیمرے اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال میں کیا جائے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جہاں مدد کی ضرورت ہے، وہاں امداد پہنچائیں گے، جھنگ کی محرومیاں ختم کریں گے،اللہ تعالی نے عوام کے تحفظ کی ذمہ داری دی، کسی بھی جگہ حفاظتی بند توڑنے کے ٹیکنیکل کام میں مداخلت نہیں کیانہوں نے مزید کہا کہ آبادی کوسیلاب سے بچانا اور انسانی جانوں کو محفوظ رکھنا میری سب سے پہلی ترجیح ہے، ہر صورت میں انسانی آبادی کو بچانے کو ترجیح دی گی اور دی جائے گی، کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور، ڈپٹی کمشنر علی اکبر اور پوری ٹیم نے بڑی محنت سے کام کیا، اپنی ٹیم پر فخر ہے۔انہوں نے ریلیف کیمپ میں موجود لوگوں سے بات چیت بھی کی، خواتین اور بچوں میں گھل مل گئیں۔اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھاکہ مخالفین جھوٹا پروپیگنڈا کررہے ہیں، میں نے کسی کو نہیں کہا کہ یہاں بند توڑیں یا وہاں توڑیں یا میں نے کسی کی فیکٹری کو بچانے کا کہا، میں نے صرف جانیں بچانے کی ہدایت دی ہے، اگر میری بھی فیکٹری ہو تو میں کہوں گی کہ آبادی کو بچائیں۔انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں متاثرین کو مدد کی ضرورت ہے وہاں وہاں مدد پہنچائیں، آبادی کو بچانا ہے، لوگوں کی جانوں کو بچانا ہے۔