جمہوری جدوجہد اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھایا جائے گا:ہمایوں خان

 پارٹی کو مزید فعال، منظم اور مضبوط بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا
لاہور(    سیپشل رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل ہمایوں خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ذوالفقار علی بدر کی رہائش گاہ پر آمد کی۔اس موقع پر ہمایوں خان کے ہمراہ بشیر خان اور ہارون خان بھی موجود تھے۔ ذوالفقار علی بدر نے ہمایوں خان اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ملاقات کے دوران ذوالفقار علی بدر نے ہمایوں خان کو گلگت بلتستان میں کامیاب انتخابی مہم چلانے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی انتخابی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے تنظیمی امور اور پارٹی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پنجاب اور لاہور میں پارٹی کی تنظیمی صورتحال، سیاسی سرگرمیوں اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر گفتگو ہوئی۔آج شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر ان کی جمہوریت، عوامی حقوق اور پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے سیاسی وڑن، جمہوری جدوجہد اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھایا جائے گا۔رہنماؤں نے پارٹی کو مزید فعال، منظم اور مضبوط بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا۔اس موقع پر ممبر میڈیا سیل پاکستان پیپلز پارٹی عثمان اعوان بھی موجود تھے۔