وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں خواتین اور طالبات کے لیے پنک بس سروس کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس سروس کا مقصد خواتین اور طالبات کی روزمرہ آمد و رفت کو محفوظ اور باوقار بنانا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ یہ سروس مستقل بنیادوں پر جاری رہے۔میر سرفراز بگٹی نے مزید بتایا کہ آئندہ مرحلے میں پنک بس سروس کا دائرہ دیگر اضلاع تک پھیلایا جائے گا تاکہ خواتین کو تعلیم، روزگار اور صحت کی سہولیات تک آسان رسائی فراہم کی جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے محفوظ ٹرانسپورٹ نظام صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے اور بلوچستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔