لاہور کی مختلف مارکیٹوں میں خواتین کے لیے 16 پنک ماڈل کارٹس قائم، مزید توسیع کا فیصلہ

لاہور کی مختلف مارکیٹوں میں خواتین کے لیے 16 پنک ماڈل کارٹس قائم، مزید توسیع کا فیصلہ

لاہور: ضلعی انتظامیہ نے خواتین کو بااختیار بنانے، معاشی خودمختاری کو فروغ دینے اور انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پنک ماڈل کارٹس منصوبے کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

 منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں 16 پنک ماڈل کارٹس خواتین کے حوالے کردی گئی ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ماڈل ریڑھیوں کے بعد شروع کیے گئے اس منصوبے کا مقصد خواتین کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے سہولیات فراہم کرنا اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانا ہے۔

لبرٹی مارکیٹ، کریم بلاک اور مون مارکیٹ میں پنک کارٹس قائم

حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں لبرٹی مارکیٹ میں 8 پنک ماڈل کارٹس فراہم کی گئی ہیں، جبکہ کریم بلاک اور مون مارکیٹ اقبال ٹاؤن میں بھی 4، 4 پنک کارٹس نصب کردی گئی ہیں۔اس طرح منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 16 پنک ماڈل کارٹس فعال کی گئی ہیں، جہاں خواتین کو کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے روزگار کمانے کا موقع ملے گا۔

منصوبے کو دیگر بڑی مارکیٹوں تک پھیلانے کا فیصلہ

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پنک ماڈل کارٹس منصوبے کا آغاز بطور پائلٹ پراجیکٹ کیا گیا ہے۔ اس کے نتائج کا جائزہ لینے کے بعد اسے مرحلہ وار لاہور کی دیگر بڑی مارکیٹوں تک توسیع دی جائے گی۔حکام کے مطابق پنک ماڈل کارٹس صرف مصروف تجارتی مراکز میں قائم کی جائیں گی تاکہ خواتین کو زیادہ سے زیادہ کاروباری مواقع میسر آسکیں اور وہ بہتر آمدنی حاصل کرسکیں۔

خواتین کی معاشی خودمختاری منصوبے کا بنیادی مقصد

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد خواتین کو محفوظ کاروباری ماحول فراہم کرنا، انہیں باعزت روزگار کے مواقع دینا اور معاشی سرگرمیوں میں ان کی شمولیت بڑھانا ہے۔