بنگلورو ڈے کیئر میں بچوں سے مبینہ بدسلوکی، واشنگ مشین اور باتھ روم میں بند رکھنے کے الزامات

بنگلورو ڈے کیئر میں بچوں سے مبینہ بدسلوکی، واشنگ مشین اور باتھ روم میں بند رکھنے کے الزامات

بھارتی شہر بنگلورو میں ایک نجی ادارے کے احاطے میں قائم بچوں کے نگہداشت مرکز میں کمسن بچوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کا انکشاف ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے بچوں پر مبینہ تشدد اور بدسلوکی کے الزام میں پانچ خواتین کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دو سے تین سال عمر کے بچوں کو مبینہ طور پر سزا کے طور پر سامنے سے کھلنے والی واشنگ مشین میں بٹھایا جاتا تھا، انہیں اس میں بند کیا جاتا تھا، بیت الخلا میں استعمال ہونے والے ہینڈ اسپرے سے ان کے منہ پر تیز دباؤ سے پانی مارا جاتا تھا، جبکہ رونے کی صورت میں انہیں غسل خانے میں بند کر دیا جاتا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے سے متعلق ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس اور ریاستی کمیشن برائے تحفظِ اطفال نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

واقعے کے بعد بچوں کے والدین میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، جبکہ متعلقہ نجی ادارے نے احتیاطی اقدام کے طور پر بنگلورو میں قائم اپنے بچوں کے نگہداشت مرکز کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔