یوٹیوبر ڈیوڈ ایڈم ولیمز کی پراسرار موت

 یوٹیوبر ڈیوڈ ایڈم ولیمز کی پراسرار موت

یوٹیوب پر لاکھوں سبسکرائبرز رکھنے والے معروف یوٹیوبر ڈیوڈ ایڈم ولیمز المعروف ’دی ڈیلی وو‘ (The Daily Woo) کی گھر سے اچانک لاش ملنے کی خبر نے دنیا بھر میں ان کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اوسیولا کاؤنٹی شیرف آفس نے تصدیق کی ہے کہ ڈیوڈ ایڈم ولیمز اپنے گھر سے مردہ حالت میں پائے گئے۔ ان کی عمر 51 برس تھی۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع Welfare Check کے دوران سامنے آئی، جب یوٹیوبر سے رابطہ نہ ہو سکا۔پولیس کا کہنا ہے کہ رابطہ ناکام ہونے پر ڈیوڈ ایڈم ولیمز کے ایک قریبی دوست نے ان کے گھر جا کر دیکھا، جہاں وہ مردہ حالت میں پائے گئے۔ بعد ازاں پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔ تاحال ان کی موت کی وجہ سامنے نہیں آ سکی اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اپنی موت سے صرف ایک دن قبل ڈیوڈ ایڈم ولیمز نے یوٹیوب پر اپنی آخری ویڈیو اپ لوڈ کی تھی، جس میں انہیں اپنے آبائی شہر میں کرسمس کی سجاوٹ کا جائزہ لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں وہ معمول کے مطابق پرسکون اور خوشگوار انداز میں نظر آئے، جس کے بعد ان کی اچانک موت نے مداحوں کو مزید حیران کر دیا ہے۔

ڈیوڈ ایڈم ولیمز کا شمار یوٹیوب کے ابتدائی تخلیق کاروں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے 2009 میں اپنے یوٹیوب چینل کا آغاز کیا اور وقت کے ساتھ ساتھ لاکھوں سبسکرائبرز حاصل کیے۔ ان کے وی لاگز میں امریکا کی تمام 50 ریاستوں کے روڈ ٹرپس، سیاحتی مقامات، تھیم پارکس اور پوشیدہ جگہوں کو دکھایا جاتا تھا، جو ناظرین میں بے حد مقبول تھے۔ان کا سادہ، دوستانہ اور پرسکون اندازِ گفتگو یوٹیوب کلچر کی ایک منفرد پہچان بن چکا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی وفات پر نہ صرف مداح بلکہ متعدد معروف یوٹیوبرز اور کانٹینٹ کریئیٹرز بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر مداح ڈیوڈ ایڈم ولیمز کی یادگار ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں، جبکہ سب کی نظریں پولیس تحقیقات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ پر لگی ہوئی ہیں، جس سے ان کی موت کی اصل وجہ سامنے آ سکے گی۔