لیگل نوٹس بچگانہ، کرپشن کے بیان پر قائم ہوں:چوہدری سالک

 پنجاب میں بدعنوانیوں کی طویل فہرست ،محسن نقوی کا معاملے سے کوئی تعلق نہیں
کسی ن لیگ مخالف گروپ سے کوئی تعلق نہیں، نوٹس کا قانونی جواب دوں گا ، وفاقی وزیر
 اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں بے ضابطگیوں اور بدعنوانیوں کی طویل فہرست ہے اور وہ اپنے کرپشن سے متعلق بیان پر قائم ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے بھیجے گئے لیگل نوٹس کو بچگانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا بھرپور قانونی جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں منصوبے شروع کرکے ابتدائی ادائیگیاں جاری کی جاتی ہیں، پھر انہیں معطل کرکے نئے نام سے دوبارہ شروع کیا جاتا ہے، جس سے قومی وسائل ضائع ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کسی ن لیگ مخالف گروپ سے ان کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی انہیں اس بارے میں علم ہے۔ محسن نقوی کا بھی اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں۔ چوہدری سالک نے عظمیٰ بخاری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کل تک نواز شریف پر الزامات لگانے والی آج ان کی ترجمان بنی بیٹھی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ سرکاری وسائل سے فائدہ نہیں اٹھاتے اور نہ ہی ایسا کریں گے۔ ہم سرکاری تھالیوں میں نہیں کھاتے اور نہ کھائیں گے، یہ آپ کو ہی مبارک ہو۔