پنجاب میں کرپشن کی فائلیں نہیں الماریاں بھرگئی ہوں گی :چودھری سالک

 میرے پاس شواہد تو نہیں ہیں مگر پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں روز سنتا ہوں، جہاز کا ذاتی استعمال نہیں ہونا چاہیے
صوبے  کا سارا بجٹ لاہور چلا جاتا ہے اور پھر ان کی مرضی ہے  کیسے تقسیم کریں:وفاقی وزیر کا انٹرویو
اسلام آباد (آئی این پی ) وزیر داخلہ محسن نقوی اور قیصر احمد شیخ کے بعدوزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چودھری  سالک حسین  بھی  نظام کی ناکامی پر بول پڑے اور کہا پنجاب میں کرپشن کی فائلیں نہیں الماریاں بھرگئی ہوں گی۔ ایک انٹرویو میں انہوں  نے  ملک کے موجودہ سیاسی و انتظامی نظام اور پنجاب حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کی  اورکہا کہ قیصر احمد شیخ نے نظام سے متعلق جو باتیں کی ہیں وہ حقیقت اور سچ پر مبنی ہیں۔انہوں نے کہا، "میرے پاس شواہد تو نہیں ہیں مگر پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں روز سنتا ہوں، وہاں کرپشن کی فائلیں نہیں بلکہ الماریاں بھر گئی ہوں گی۔سالک حسین نے صوبائی بجٹ کی تقسیم پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا سارا بجٹ لاہور چلا جاتا ہے اور پھر ان کی مرضی ہے کہ کیسے تقسیم کریں۔ جہاں حکومت کے لوگ جیتے ہیں وہاں سب کچھ دے دیا جاتا ہے، جبکہ جس ضلع میں ان کے لوگ نہیں جیتے وہ پورا ضلع محروم رہتا ہے۔نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے انہوں نے تبصرہ کیا کہ "کیا کوئی چاہے گا کہ بڑے محل سے نکل کر 10 مرلے کے گھر میں آ جائے؟۔وفاقی وزیر نے سرکاری اخراجات اور جہازوں کے استعمال پر بھی کہا کہ جہازوں اور شاہانہ اخراجات پر احساس کرنا چاہیے اور ملک کے حالات کو دیکھ کر کام کرنا چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاز کا ذاتی استعمال نہیں ہونا چاہیے، اور اگر سرکاری استعمال کیا جا رہا ہے تو واپس آ کر نتائج بھی بتائیں کہ دورے سے کیا حاصل ہوا۔