پنجاب میں ایک پیسہ بھی کرپشن کی نذر ہوا تو مریم نواز اللہ تعالی اور عوام کو جوابدہ ہے،جو لوگ میرے گرنے کے منتظر تھے آج ترقی دیکھ کر پراپیگنڈا کر رہے ہیں ‘جہاں پنجاب کا بارڈر ختم ہوتا ہے وہاں ترقی بھی ختم ہو جاتی ہے
نوجوان ہمارا مستقبل اور قوم کا سرمایہ ہیں،سیاسی طور پر بھڑکانے کے باوجود طلبہ نے علم کا راستہ نہیں چھوڑا: اٹک میں سکالر شپس اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب‘ 23 ارب روپے کے 127 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح
مریم صاحبہ! غرور اور تکبر صرف اللہ تعالیٰ کے لئے ہے‘ چودھری سالک حسین کی قربانیوں کو مت بھولیں، آپ کے چچا وزیراعظم بھی انہی کی بدولت بنے تھے، اقتدار کو دوام حاصل نہیں ہوتا:ترجمان مسلم لیگ غلام مصطفی ملک
اٹک‘اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کرپشن کا الزام لگانے والے وفاقی وزیر چودھری سالک حسین کو ہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا اعلان کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں ورنہ عدالت میں گھسیٹوں گی، جہاں پنجاب کا بارڈر ختم ہوتا ہے وہاں ترقی بھی ختم ہو جاتی ہے،نوجوان ہمارا مستقبل اور قوم کا سرمایہ ہیں،سیاسی طور پر بھڑکانے کے باوجود طلبہ نے علم کا راستہ نہیں چھوڑا، ہم نے سفارش کلچر ختم کرکے میرٹ کو فروغ دیا، اٹک کے ہونہار طلبہ پر فخر ہے۔ان خیالات اظہار انہوں نے اٹک کی کامسیٹس یونیورسٹی میں ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مریم نواز نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تمہیں عدالت میں گھسیٹوں گی ۔پنجاب میں ایک پیسہ بھی کرپشن کی نذر ہوا تو مریم نواز اللہ تعالی اور عوام کو جوابدہ ہے۔انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جھوٹے الزامات مت لگائو، ثبوت ہے تو سامنے لائو جو گجرات میرے حوالے ہوا تھا وہاں بارش ہو جائے تو وہاں ہر طرف پانی کھڑا ہو جاتا تھا۔تکلیف اس بات کی ہے کہ ڈی سی گجرات ہماری مرضی کا کیوں نہیں لگا؟میں افسران کی تعیناتی میں 100 فیصد میرٹ پر عمل کرتی ہوں، جو سفارش سے آتا ہے وہ عوام اور ملک کا بیڑہ غرق کرتا ہے۔میں مسئلے گنوانے والی نہیں بلکہ حل نکالنے والی وزیر اعلی ہوں۔خیبر پختونخوا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں پنجاب کا بارڈر ختم ہوتا ہے وہاں ترقی بھی ختم ہو جاتی ہے ۔ میں نے 3 سال میں لوگوں کی مثالی خدمت کی۔جو لوگ میرے گرنے کے منتظر تھے آج ترقی دیکھ کر پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے یہ سب اے آئی ہے، تنقید سے گھبرانا نہیں بلکہ مشکل حالات میں حوصلہ برقرار رکھنا چاہئے، میرے لیے سب سے بڑا سرمایا عوام کی محبت ہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اٹک کے ہونہار طلبا کی محنت پر فخر ہے،ایک ماں کی طرح آج میرا سر فخر سے بلند ہے، ہونہار اسکالر شپ پروگرام میرٹ پر ہزاروں طلبہ کاسہارا بن رہاہے،نوجوان ہمارا مستقبل اور قوم کاسرمایہ ہیں،یہاں کے بچے پورے پنجاب کے بچوں کو پیچھے چھوڑ گئے۔مریم نواز نے طلبہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی طورپر بھڑکانے کے باوجود آپ نے تعلیم کاراستہ نہیں چھوڑا ‘دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وفاقی وزیر چودھری سالک حسین سے متعلق بیان پر پاکستان مسلم لیگ (ق) نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے مریم نواز کا لہجہ تکبر اور غرور سے لبریز ہے، انہیں اپنے طرزِ گفتگو پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ اقتدار ہمیشہ کسی کے پاس نہیں رہتا، اتحادیوں کو عزت دیں گی تو عزت پائیں گی۔پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان غلام مصطفیٰ ملک نے اپنے ردعمل میں کہا کہ مریم صاحبہ! غرور اور تکبر صرف اللہ تعالیٰ کے لیے ہے، آپ کی گفتگو میں تکبر اور غرور نمایاں ہے، لہٰذا اپنا لہجہ درست کریں۔ یہ بات بھی یاد رکھنی چاہیے کہ اقتدار کو ہمیشہ دوام حاصل نہیں رہتا۔غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ اگر مریم نواز چودھری سالک حسین کو قانونی نوٹس بھیجیں گی تو انہیں جواب بھی ملے گا۔ ہم ان کے اتحادی ہیں، کیا وہ چاہتی ہیں کہ ان کے کسی غلط اقدام پر بھی خاموش رہیں؟ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو یاد رکھنا چاہیے کہ چوہدری سالک حسین کی قربانیوں اور سیاسی کردار کی بدولت آج وہ وزیراعلیٰ ہیں۔ترجمان مسلم لیگ (ق) نے مزید کہا کہ مریم نواز یہ بھی نہ بھولیں کہ چوہدری سالک حسین ہی وہ شخصیت ہیں جن کی وجہ سے ان کے چچا وزیراعظم بنے تھے۔ چوہدری سالک حسین کے عظیم والد چوہدری شجاعت حسین کی قربانیوں اور سیاسی کردار کی بدولت آج مریم نواز اقتدار میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اقتدار چوہدری شجاعت حسین نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر انہیں سونپا تھا۔ مریم نواز کو چاہیے کہ 2023ء کے وقت کو یاد کریں اور اس بات پر غور کریں کہ ہمارا معاہدہ کسی وجہ سے پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکا، ورنہ آج نہ وہ وزیراعلیٰ ہوتیں اور نہ ہی ان کی وزیر عظمیٰ بخاری اس منصب پر ہوتیں۔غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ عزت دیں گی تو عزت پائیں گی، شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں پر پتھر نہیں برسانے چاہئیں۔