لاہور (خصوصی رپورٹ )ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر لاہور کے سکول کالج کیفے اور کینٹینوں کی چیکنگ کی گئی۔ 146 کینٹینوں کی چیکنگ کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر 6 بند کر دی گئیں۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ناقص انتظامات پر 35 کینٹینوں کو 7 لاکھ 6 ہزار روپے کے جرمانے جبکہ 40 کو اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے۔استعمال شدہ آئل، گلے سڑے پھل اور ایکسپائر پروڈکٹس برآمد ہونے پر 6 سکول کینٹینوں کو بند کیا گیا۔تعلیمی اداروں میں خوراک کی درجہ بندی سبز، پیلی اور سرخ کیٹیگریز میں کی گئی ہے۔ سرخ کیٹیگری میں شامل کاربونیٹڈ مشروبات، انرجی ڈرنکس، چائنہ نمک سے تیار مصنوعات فروخت کرنا منع ہے۔کاٹن کینڈی، گولا گنڈا، آئس لولیز، تمباکو اور ویپس کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ غذائیت سے بھرپور خوراک کو گرین کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی منصور احمد کا کہنا ہے کہ سکول کالج کیفے کینٹینز پر قوانین کی خلاف ورزی پر والدین فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 پر شکایت درج کروا سکتے ہیں۔ صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں اشیائے خورونوش کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ بچوں کی بہتر نشوونما کیلئیصحت بخش اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی یقینی فراہمی اولین ترجیح ہے۔