پٹرولیم لیوی، 2ماہ میں 220ارب کمائی

لیوی کی مد میں 1.676 ٹریلین روپے کا ہدف مقرر،مالیاتی خسارے کو پورا کرنے میں مدد لی جاتی ہے : ماہرین 
اسلام آباد (بیورو رپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک ) حکومت نے مالی سال 2026/2027ء کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 220 ارب روپے جمع کر لیے ہیں۔ جنگ اخبار کی خبر کے مطابق سرکاری اعداد و شمار کے تحت نئے مالی سال 27/2026ء کے پہلے دو ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کی مد میں مجموعی طور پر 220 ارب روپے کا قومی خزانے میں جمع ہونا ایک بڑا ہندسہ ہے، حکومت نے موجودہ مالی سال کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں کل 1.676 ٹریلین روپے جمع کرنے کا تخمینہ اور ہدف رکھا ہے۔بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل گزرنے والے مالی سال میں بھی ابتدائی بجٹ کے تخمینے کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1.468 ٹریلین روپے جمع کرنے کا ہدف رکھا گیا تھا، تاہم سال کے اختتام پر اصل وصولیاں اس تخمینے سے تقریباً 100 ارب روپے زائد رہیں اور کل وصولی بڑھ کر 1.567 ٹریلین روپے تک جا پہنچی تھی، جو حکومت کے لیے ایک مالیاتی کامیابی مانی گئی تھی۔حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ اور ملکی سطح پر مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے پیٹرولیم لیوی کی یہ وصولیاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں جب کہ معاشی ماہرین نے کہا ہے کہ اتنے بڑے اہداف کے حصول سے جہاں ایک طرف محصولات بڑھتے ہیں، وہیں دوسری جانب عام صارف پر مہنگائی کا دباؤ بھی بڑھتا ہے، جس پر عوام کی طرف سے اکثر تحفظات کا اظہار کیا جاتا ہے۔بتایا جارہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی حکومت کے لیے نان ٹیکس ریونیو کا ایک انتہائی اہم اور بڑا ذریعہ ہے، جس کے ذریعے مالیاتی خسارے کو پورا کرنے میں مدد لی جاتی ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کے لیے پیٹرولیم لیوی کے ذریعے محصولات کا ایک انتہائی بلند ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے حصول کے لیے ابتدائی مہینوں میں ہی وصولیوں کا آغاز زور و شور سے ہو چکا ہے