غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی فضائی کارروائیوں اور فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 7 فلسطینی شہید ہوگئے، شہدا میں ایک باپ اور اس کا 13 سالہ بیٹا بھی شامل ہیں، جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فائرنگ سے 14 سالہ فلسطینی لڑکا بھی جاں بحق ہوگیا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں بارشوں کے باعث تباہ حال نکاسیٔ آب کا نظام مزید سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ ادارے کے مطابق پانی کے ذخائر کی مرمت نہ ہونے اور نکاسیٔ آب کی سہولتوں کی تباہی کے باعث لاکھوں بے گھر فلسطینیوں کو سیلاب اور مختلف بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مقامی طبی حکام نے بتایا کہ منگل کے روز غزہ شہر کے علاقے زیتون میں بے گھر افراد کی عارضی پناہ گاہ کی چھت پر اسرائیلی فضائی حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں فادی رجب اور ان کا 13 سالہ بیٹا ابوبکر شہید ہوگئے۔
طبی حکام کے مطابق غزہ شہر کے علاقے درج میں ایک اسکول کے قریب اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں ایک اور فلسطینی جاں بحق ہوا، جبکہ جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک شخص شہید ہوگیا۔بعد ازاں غزہ شہر کے علاقے صبرا میں ایک دھاتی کارخانے کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جہاں مزید تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اس طرح منگل کے روز غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد کم از کم سات ہوگئی۔
مغربی کنارے میں 14 سالہ فلسطینی لڑکا بھی شہید
ادھر مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے برقہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 14 سالہ فلسطینی لڑکا معتز ایاد دغلس شہید ہوگیا۔ فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق واقعہ پیر کی رات نابلس کے شمال مغرب میں پیش آیا۔فلسطینی ہلالِ احمر کے مطابق طبی عملے نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے دو افراد کو اسپتال منتقل کیا، تاہم اسرائیلی فوج نے ایک تیسرے زخمی تک طبی امداد پہنچانے سے روک دیا اور تین رضاکار طبی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔اسرائیلی فوج کا مؤقف ہے کہ اس کے اہلکاروں نے ان فلسطینیوں کو روکنے کے لیے فائرنگ کی تھی جو اسرائیلی گاڑیوں پر پتھراؤ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
یونیسیف کا غزہ میں سیلاب اور بیماریوں کے خطرے سے متعلق انتباہ
دوسری جانب یونیسیف نے غزہ میں بارشوں کے دوران انسانی بحران مزید شدت اختیار کرنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ادارے کے مطابق اسرائیلی حکام نے غزہ میں بارش کے پانی کے ایک بڑے ذخیرے کی مرمت کے لیے درکار سامان کی درآمد کی اجازت مسترد کردی ہے، جس کے باعث شدید بارشوں کی صورت میں پانی کے ذخیرے کے لبریز ہونے اور قریبی آبادیوں میں سیلاب آنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔یونیسیف کے مطابق غزہ شہر کا شیخ رضوان بارش کے پانی کا ذخیرہ پہلے ہی گندے پانی سے آلودہ ہوچکا ہے اور بارشوں کے دوران اس کے بھر جانے کا خدشہ ہے۔ اس صورت میں زہریلا اور آلودہ پانی قریبی سڑکوں اور بے گھر افراد کے خیموں میں داخل ہوسکتا ہے۔
یونیسیف کے ترجمان جیمز ایلڈر نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ ادارہ تقریباً ایک سال سے اسرائیلی حکام اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کے ساتھ اس منصوبے پر کام کر رہا تھا۔ منصوبے پر تقریباً 30 لاکھ ڈالر لاگت آنا تھی، تاہم اسرائیلی فوج کے ادارے کوگیٹ نے گزشتہ چند روز کے دوران اس منصوبے کو مسترد کردیا۔ترجمان کے مطابق اگر ذخیرے کی مرمت نہ ہوئی تو بارشوں کے دوران آلودہ پانی پھیلنے سے بچوں اور خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ متاثرہ افراد کو اپنے عارضی ٹھکانے دوبارہ چھوڑنے پڑ سکتے ہیں جبکہ مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بھی بڑھ جائے گا۔
شدید بارشوں سے ہزاروں خیمے زیرِ آب، بچوں کی ہلاکتیں
رپورٹ کے مطابق غزہ میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث بے گھر فلسطینیوں کے ہزاروں خیمے زیرِ آب آگئے ہیں۔ ایک واقعے میں ریت کا بند گرنے سے چار افراد جاں بحق ہوئے، جن میں تین کم عمر بچے بھی شامل تھے۔بارشوں اور سیلابی صورتحال نے پہلے سے تباہ حال غزہ میں انسانی بحران کو مزید سنگین کردیا ہے، جہاں بڑی تعداد میں شہری عارضی خیموں اور غیر محفوظ پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
تقریباً 10 لاکھ بے گھر افراد کو سیلاب کا خطرہ
عالمی ادارہ صحت کے ترجمان کرسچن لِنڈمائر نے بھی خبردار کیا ہے کہ غزہ میں سیلاب، ناقص صفائی اور صحت و پانی کی ناکافی سہولتوں کے باعث متعدی بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ان کے مطابق غزہ میں تقریباً 10 لاکھ بے گھر افراد کو درمیانے یا شدید درجے کے سیلابی خطرات کا سامنا ہے۔ صحت اور صفائی کی سہولتوں کی کمی کے باعث بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال بچوں، خواتین اور دیگر کمزور طبقات کے لیے مزید مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔