راولپنڈی: اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے مقتولہ کے ایک وفاقی وزیر سے رابطے اور چیٹ سمیت دیگر معلومات حاصل کرلی ہیں، جبکہ ان کے شوہر ملزم احسن کو پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے کیس کی تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مقتولہ کے زیر استعمال تین موبائل فونز کا فرانزک تجزیہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کے شوہر سے تفتیش کے ساتھ ڈیجیٹل شواہد اور دیگر فرانزک مواد کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کو واضح کیا جا سکے۔
ملزم احسن کا پولی گرافک اور ڈی این اے ٹیسٹ ہوگا
ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس کی ٹیم ملزم احسن کو پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے لاہور لے گئی ہے۔ پولیس ٹیم اپنے ساتھ جائے وقوع سے حاصل کیے گئے شواہد اور پوسٹ مارٹم کے دوران جمع کیے گئے نمونے بھی لے کر روانہ ہوئی ہے۔یہ تمام نمونے پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری میں جمع کروائے جائیں گے، جبکہ لاہور میں ملزم احسن کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرایا جائے گا۔ فرانزک رپورٹس کے ذریعے تفتیش میں حاصل ہونے والے شواہد کا جائزہ لیا جائے گا۔
مقتولہ کے تین موبائل فونز کا فرانزک کرانے کا فیصلہ
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ربیعہ احسن کے زیر استعمال تینوں موبائل فونز کا تفصیلی فرانزک تجزیہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تینوں موبائل فونز پر کسی قسم کا پاس ورڈ یا لاک کوڈ موجود نہیں تھا، جس کے باعث ان کا ابتدائی تجزیہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ابتدائی جائزے کے دوران ربیعہ احسن اور ان کے شوہر کے درمیان ہونے والی چیٹ بھی حاصل کرلی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں بظاہر کسی قسم کے تنازع کے شواہد سامنے نہیں آئے۔ موبائل فونز کے ابتدائی تجزیے میں بھی ایسے شواہد نہیں ملے جن سے میاں بیوی کے درمیان کسی اختلاف کی نشاندہی ہوتی ہو۔
وفاقی وزیر سے رابطے کی تفصیلات بھی حاصل
ذرائع کے مطابق ربیعہ احسن بطور صحافی مختلف اہم شخصیات سے رابطے میں رہتی تھیں۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے ایک وفاقی وزیر سے رابطے اور ان کے ساتھ ہونے والی چیٹ کی معلومات بھی پولیس نے حاصل کرلی ہیں۔پولیس اب ان موبائل فونز کے مکمل فرانزک تجزیے کے ذریعے رابطوں، پیغامات اور دیگر ڈیجیٹل معلومات کا جائزہ لے گی۔ حکام کے مطابق فرانزک رپورٹس مکمل ہونے کے بعد انہیں مقدمے کے چالان کا حصہ بنایا جائے گا۔