پشاور: 9 مئی کو ریڈیو پاکستان پر حملے سے متعلق مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ولی محمد نے ریڈیو پاکستان حملہ کیس کی سماعت کی، جہاں مقدمے میں نامزد ملزمان کی پیشی اور قانونی کارروائی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔سماعت کے دوران سابق صوبائی وزراء تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے تینوں سابق وزراء کی عبوری ضمانت میں 17 نومبر تک توسیع کر دی۔
سماعت 17 نومبر تک ملتوی
عدالت نے سابق صوبائی وزراء کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17 نومبر تک ملتوی کر دی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کے بعد ان کی آئندہ پیشی اور مقدمے میں قانونی کارروائی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور پرتشدد واقعات پیش آئے تھے۔ پشاور میں بھی مظاہرین نے ریڈیو پاکستان کی عمارت پر دھاوا بول دیا تھا، جس کے نتیجے میں عمارت کو نقصان پہنچا اور آگ لگنے کے واقعات سامنے آئے تھے۔واقعے کے بعد متعدد سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے، جبکہ کیس کی مختلف قانونی کارروائیاں انسداد دہشت گردی عدالت میں جاری ہیں۔