پشاور: 9 مئی کے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں سہیل آفریدی، سابق صوبائی وزیر کامران بنگش اور تیمور سلیم جھگڑا سمیت 5 ملزمان کے خلاف پولیس چالان انسدادِ دہشت گردی عدالت میں جمع کروا دیا گیا۔
پبلک پراسیکیوٹر نے عدالت میں پولیس کی جانب سے تیار کردہ چالان پیش کیا، جس میں مذکورہ افراد سمیت دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ کیس کا چالان جمع ہو چکا ہے اور ملزمان کو نامزد کردیا گیا ہے، جس کے بعد ان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے۔
نادرا اور پنجاب فرانزک کی رپورٹس چالان کا حصہ
پولیس چالان کے مطابق ریڈیو پاکستان کی درخواست پر عدالت نے ملزمان کی شناخت اور جائے وقوعہ پر موجودگی سے متعلق تصدیق کے لیے نادرا اور پنجاب فرانزک سے رپورٹس حاصل کیں۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دونوں اداروں کی رپورٹس سے 9 مئی کو ریڈیو پاکستان حملے کے مقام پر نامزد ملزمان کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
سہیل آفریدی، کامران بنگش اور تیمور جھگڑا سے متعلق رپورٹ
پولیس رپورٹ کے مطابق فرانزک شواہد کی روشنی میں سہیل آفریدی کی ریڈیو پاکستان حملے کے مقام پر موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ اسی طرح رپورٹ میں تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش کی بھی جائے وقوعہ پر موجودگی کی تصدیق کا ذکر کیا گیا ہے۔چالان عدالت میں جمع ہونے کے بعد کیس میں نامزد ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا اگلا مرحلہ شروع ہوگا۔ عدالت کے مطابق ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے۔