ناران میں برفباری کے بعد وادی نے سفید چادر اوڑھ لی، سیاحوں کی آمد جاری

ناران میں برفباری کے بعد وادی نے سفید چادر اوڑھ لی، سیاحوں کی آمد جاری

مانسہرہ: سیاحتی مقام ناران میں حالیہ برفباری کے بعد ہر طرف برف کی سفید چادر بچھ گئی، جس سے وادی کا قدرتی حسن مزید نکھر گیا ہے۔

 برف سے ڈھکے بلند و بالا پہاڑوں کے دلکش مناظر دیکھنے کے لیے ملک بھر سے سیاح ناران کا رخ کررہے ہیں۔حالیہ برفباری کے بعد ناران اور گردونواح کے پہاڑوں نے سفید رنگ کی چادر اوڑھ لی ہے، جبکہ خوبصورت مناظر سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ سیاح برفباری سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ قدرتی مناظر کو کیمروں میں محفوظ کررہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق جھیل سیف الملوک، جھیل لولوسر اور بابوسر ٹاپ روڈ تاحال ہر قسم کی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند ہیں۔ سیاحوں کو ناران شہر سے آگے صرف دو کلومیٹر تک جانے کی اجازت دی گئی ہے، جہاں وہ برفباری اور سرد موسم سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔دوسری جانب ناران میں سڑکوں کی صورتحال کے حوالے سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

 این ایچ اے اور کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کی جانب سے جھیل سیف الملوک روڈ اور دیگر سڑکوں سے برف کی مکمل صفائی نہ ہونے اور روزانہ نمک کا چھڑکاؤ نہ کیے جانے کے باعث بعض مقامات پر پھسلن برقرار ہے۔سیاحوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر برف اور پھسلن کے باعث آمدورفت میں دشواری پیش آرہی ہے، جس سے حادثات کا خدشہ بھی موجود ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں سے برف مکمل طور پر صاف کرنے اور پھسلن ختم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔