لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی، آلودہ فضا کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 451 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح 758 تک پہنچ گئی۔فضائی آلودگی کے باعث شہر کے متعدد علاقے شدید سموگ کی لپیٹ میں ہیں۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق گلبرگ ٹو میں اے کیو آئی 758 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اقبال ٹاؤن میں یہ شرح 726 اور پیراگون سٹی میں 712 تک جا پہنچی۔اسی طرح ایم ایم عالم روڈ پر اے کیو آئی 511، برکی روڈ پر 459 اور ماڈل ٹاؤن میں 445 ریکارڈ کیا گیا۔ چمن پارک میں فضائی آلودگی کی شرح 433 جبکہ بیدیاں روڈ پر 414 رہی۔دوسری جانب ڈی ایچ اے فیز فائیو میں اے کیو آئی 322 اور عسکری ٹین میں 237 ریکارڈ کیا گیا۔ مختلف علاقوں میں آلودگی کی بلند شرح کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی کی اس سطح پر بچوں، بزرگوں اور سانس یا دل کے امراض میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز، باہر جاتے وقت حفاظتی ماسک استعمال کرنے اور گھروں کی کھڑکیاں بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور میں آج بارش کا امکان، 12 نومبر تک بارشوں کی پیشگوئی
ادھر محکمہ موسمیات نے لاہور میں آج بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ شہر سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں 12 نومبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بارشوں کے نتیجے میں فضائی آلودگی اور سموگ کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ دو روز کے دوران بارش ہو سکتی ہے، جس سے موسم میں تبدیلی اور سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کا الرٹ جاری
بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبے بھر کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، سیالکوٹ، وزیرآباد اور شیخوپورہ سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش متوقع ہے۔ اس حوالے سے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں سے سموگ کی شدت میں کمی آنے جبکہ سردی بڑھنے کا امکان ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متحرک رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔