لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آگیا، اے کیو آئی 219 ریکارڈ، سردی کی شدت میں بھی اضافہ

لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آگیا، اے کیو آئی 219 ریکارڈ، سردی کی شدت میں بھی اضافہ

لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک، ایئر کوالٹی انڈیکس 219 تک پہنچ گیا، مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح 256 ریکارڈ کی گئی، دوسری جانب سرد ہواؤں اور خنکی کے باعث موسم سرد ہونے لگا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی کا مسئلہ شدت اختیار کرنے لگا ہے، جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 219 ریکارڈ کیا گیا، جو فضائی آلودگی کی بلند سطح کو ظاہر کرتا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک رہی۔ اقبال ٹاؤن میں ایئر کوالٹی انڈیکس 256 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گلبرگ ٹو میں 250 اور برکی روڈ پر 245 کی سطح پر رہا۔ اسی طرح پیراگون سٹی میں اے کیو آئی 239 اور ایم ایم عالم روڈ پر 238 ریکارڈ کیا گیا۔بیدیاں روڈ پر فضائی آلودگی کی شرح 221 جبکہ ماڈل ٹاؤن میں 220 ریکارڈ کی گئی۔ چمن پارک میں ایئر کوالٹی انڈیکس 204، ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 190 اور عسکری ٹین میں 155 رہا۔ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی میں اضافے سے شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، کھانسی، آنکھوں میں جلن اور دیگر طبی مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔ خاص طور پر بچے، بزرگ اور سانس یا دل کے امراض میں مبتلا افراد آلودہ فضا سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔

ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، باہر جاتے وقت اچھی کوالٹی کا حفاظتی ماسک استعمال کریں اور گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں۔ شہریوں کو کھلی فضا میں ورزش اور جسمانی سرگرمیوں سے بھی گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔دوسری جانب لاہور میں سردی نے بھی اپنے قدم جمانا شروع کردیے ہیں۔ شہر میں خنکی بڑھنے سے موسم سرد ہونے لگا ہے اور صبح و شام کے اوقات میں سردی کا احساس نمایاں ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 اور کم سے کم 12 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

موسمیاتی اعداد و شمار کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوائیں 2 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آج شہر میں بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا۔