کراچی میں غیر ملکی سمگل شدہ ادویات کی فروخت کا انکشاف، الرٹ جاری

سی ڈی ایل نے برطانوی، اطالوی ادویہ کے3سیمپلز غیرقانونی قرار دے دئیے 
غیر قانونی سمگلڈ ادویات کا معیار اور افادیت غیر واضح ، انسانی صحت کیلئے غیر محفوظ ہو سکتی ہیں 
کراچی(آئی این پی ) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے کہاہے کہ کراچی میں غیر ملکی اسمگل شدہ ادویات کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈریپ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں عارضہ قلب، نیند، مرگی کی اسمگلڈ ادویات کی سپلائی جاری ہے، شہر میں برطانوی، اطالوی ساختہ اسمگل شدہ ادویات فروخت ہورہی ہیں۔سی ڈی ایل کراچی نے غیر ملکی ادویہ کے 3 سیمپلز غیرقانونی قرار دے دئیے اور ساتھ ہی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے 3 غیرملکی ادویات کے ریپڈ الرٹ جاری کر دیئے۔ڈریپ کے مطابق فلیکینائیڈ ایکیٹیٹ ٹیبلٹ کا بیچ ایف ڈی اے جی 020 غیر رجسٹرڈ ہے، برطانوی ساختہ فلیکینائیڈ ایکیٹیٹ بے ترتیب دھڑکن کی دوا ہے، موڈا فینل 200 ایم جی ٹیبلٹ کا بیچ ایم ڈی ایس بی25008 اے ا سمگل شدہ ہے۔ڈریپ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانوی ساختہ موڈا فینل 200 ایم جی ٹیبلٹ عارضہ نیند کی دوا ہے ، مائیسولائن 250 ایم جی ٹیبلٹ کا بیچ 4626 غیر رجسٹرڈ ہے، اطالوی ساختہ مائیسولائن 250 ایم جی ٹیبلٹ مرگی کے علاج کی دوا ہے۔غیر قانونی اسمگلڈ ادویات کا معیار اور افادیت غیر واضح ہے، غیر قانونی ادویات انسانی صحت کیلئے غیر محفوظ ہو سکتی ہیں۔ڈریپ نے اسمگلڈ ادویات سپلائی کرنے والوں کی نشاندہی، بیچز ضبط کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فارمیسز، کیمسٹ غیر قانونی ادویات کی سیل ترک، اسٹاک واپس کریں