غیر مصدقہ بیج زرعی معیشت کے لیے خطرہ ،سوشل میڈیا پر بھارتی بیجوں کی تشہیر پر کڑی نظر رکھی جائے، رانا تنویر کی ہدایت
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر نے بھارت سے بیچ سمگلنگ کرنے اور سوشل میڈیا پر تشہیر کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائو ن کا فیصلہ کرلیا۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت بیجوں کی دستیابی پر اعلیٰ سطح اجلاس میں ملک میں معیاری بیچوں کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جعلی بیج بیچنے والی 392کمپنیاں بلیک لسٹ کردی گئی ہیں۔ کپاس کے لیے 50ہزار میٹرک ٹن سے زائد بیج دستیاب ہیں۔ معیاری بیجوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر مصدقہ بیج زرعی معیشت کے لیے خطرہ ہیں۔ بھارتی بیجوں کی سمگلنگ اور سوشل میڈیا پر تشہیر پر تشویش ہے۔ نیشنل سیڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کر دی گئی ہے بیج کمپنیوں کی رجسٹریشن 5سال کے لیے ہوگی۔ کسانوں کے حقوق اور زرعی شفافیت کا مکمل تحفظ کریں گے،مقامی بیجوں کی تیاری اور معیار میں بہتری ہمارا ہدف ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جعلی بیج فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ مصدقہ بیج ہی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کی کنجی ہے۔ بھارت سے سمگل شدہ بیجوں کے خلاف سخت کریک ڈائون کا فیصلہ کرلیا ہے۔سوشل میڈیا پر بھارتی بیجوں کی تشہیر پرقانونی کارروائی ہوگی۔