اداروں سے لڑائی کا فائدہ نہیں، پی ٹی آئی مفاہمت اختیار کرے، شوکت یوسفزئی

چھوٹے صوبے قومی ضرورت ، مسائل حل ہوں گے ، آئینی تقاضے پورے کیے جائیں 
اداروں اور پی ٹی آئی کی لڑائی کا فائدہ ن اور پی پی کو ملا، نقصان لیڈرشپ اور کارکنوں کو ہوا 
پشاور(آئی این پی ) پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ اداروں کیساتھ لڑائی کا کوئی فائدہ نہیں، پارٹی لڑائی جھگڑے ختم کرکے مفاہمت کا راستہ اپنائے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا ہے کہ چھوٹے صوبے قومی ضرورت ہیں، ان کے قیام سے عوام کے بنیادی مسائل حل ہوں گے۔ نئے صوبے بنانا تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے۔ ہم اصولی طور پر اس کے حامی ہیں، تاہم آئینی تقاضے پورے کیے جائیں۔ حکومت نے تاحال اس معاملے پر ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پارٹی لڑائی جھگڑے ختم کرکے مفاہمت کا راستہ اپنائے، اداروں سے لڑائی کا کوئی فائدہ نہیں، تمام مسائل کا حل پارلیمنٹ سے نکلے گا۔ اداروں اور پی ٹی آئی کی لڑائی کا فائدہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو ملا، نقصان لیڈرشپ اور کارکنوں کو ہوا۔انہوں نے کہا کہ بانی کے لیے آدھی رات کو اڈیالہ جیل میں طبی ٹیم کا جانا سوالیہ نشان ہے، حکومت اصل صحت چھپا رہی ہے۔ حکومت طبی رپورٹس خاندان کے حوالے کرے۔شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ علاج میں غفلت، ملاقاتوں پر پابندی اور وکلا تک رسائی نہ دینا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے میں ہم اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا جائے۔