لڑائی کا کوئی فائدہ نہیں،پارٹی کو تصادم کے بجائے پارلیمانی مفاہمت کا راستہ اختیار کرنا چاہیئے:شوکت یوسفزئی
پشاور ( خصوصی رپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخواہ کے سیکرٹری اطلاعات رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ لڑائی کا کوئی فائدہ نہیں اور پارٹی کو تصادم کے بجائے پارلیمانی مفاہمت کا راستہ اختیار کرنا چاہیئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے شوکت یوسفزئی نے اپنے ایک بیان میں پارٹی پالیسی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو لڑائی جھگڑے ختم کرکے مفاہمت کی طرف بڑھنا چاہیے، لڑائی کا نتیجہ صفر ہے اور اس کشیدگی کا تمام تر فائدہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے اٹھایا، حقیقی نقصان تحریک انصاف کی مرکزی لیڈرشپ اور عام کارکنوں کو برداشت کرنا پڑا، ملک کو درپیش سیاسی و آئینی بحرانوں کا واحد اور پائیدار حل پارلیمنٹ کے فورم سے ہی ممکن ہے۔پی ٹی آئی کے صوبائی ترجمان نے عمران خان کی صحت سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آدھی رات کو اڈیالہ جیل میں غیر معمولی طور پر طبی ٹیم کا جانا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے، حکومت بانی پی ٹی آئی کی اصل طبی حالت کو چھپا رہی ہے، عمران خان کی تمام طبی رپورٹس فوری طور پر ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کی جائیں، علاج میں غفلت، ملاقاتوں پر پابندی اور وکلا تک رسائی نہ دینا انسانی حقوق کی سنگین ورزی ہے۔