فیصلے سے آئین، انصاف اور قانون کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں، آج کا دن سیاہ دن کے طور پہ یاد رکھا جائے گا
پشاور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ 190ملین پائونڈز ریفرنس کا فیصلہ سیاسی انتقام ہے جس سے آئین، انصاف اور قانون کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں، آج کا دن سیاہ دن کے طور پہ یاد رکھا جائے گا۔عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے کہا کہ فیصلے میں حکومت کی بدنیتی بھی عیاں ہے، فیصلے سے ملک میں جاری سیاسی استحکام کی کوششوں کو دھچکا لگے گا، پوری قوم کو فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے۔ انشااللہ اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کو بھی سوچنا ہوگا کہ ملک میں انسانی حقوق اور رول آف لاء کے لیے کیا لائحہ عمل اختیار کرنا ہے کیوں کہ ایسے ماحول میں ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ القادر ٹرسٹ بنانا اتنا بڑا جرم نہیں تھا جس میں عمران خان کو 14 سال اور بشریٰ بی بی کو سات سال کی سزا دی جا سکے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ فیصلہ تو پارٹی کرے گی مگر میرے خیال میں اب حکومت سے مذاکرات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔