پی ٹی آئی دہشتگردی کی حامی نہیں، جنگ میں فوج کے ساتھ ہیں، شوکت یوسفزئی

 ایمرجنسی نافذ کرکے پوری جماعت پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام عائد کرنا غلط ہے  
پشاور(آئی این پی )پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف دہشتگردی کو سپورت نہیں کرتی، ہم اس جنگ میں فوج کے ساتھ ہیں۔ ایک انٹرویو میں شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور اس کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ شوکت یوسفزئی نے الزام عائد کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے نام پر اقدامات کرنے کے بجائے پی ٹی آئی کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ ان کا سوال تھا کہ حکومت کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ ہے یا تحریک انصاف کو ختم کرنا؟۔انہوں نے دعوی کیا کہ پارٹی کارکنوں کے خلاف کریک ڈائو ن کیا جارہا ہے ، جس میں چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جارہا ہے۔سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ اس سے قبل بھی مذاکرات ہوچکے ہیں ، پی ٹی آئی نے ہمیشہ دہشت گردی کی مخالفت کی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی حمایت جماعت کا موقف ہے۔شوکت یوسفزئی نے پولیس کے لئے فنڈز مختص نہ کیے جانے کے الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے اپنے بجٹ کا 2 فیصد پولیس پر خرچ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کسی بھی صورت دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتی۔ ایمرجنسی نافذ کرکے پوری جماعت پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام عائد کرنا غلط ہے۔