حکومت اور جماعت اسلامی میں پٹرولیم لیوی کے خاتمے ‘عوامی ریلیف پر اتفاق

مذاکرات میں اس بات پر اتفاق ہوا  ریلیف پروگرام کو  وسعت دی جائے، ‘اس سہولت کو برقرار رکھنے کے لئے حکومت آئی ایم ایف سے بات کرے گی
 ایک ہزار سی سی گاڑیوں اور زرعی شعبے کو بھی سکیم میں شامل کرنے کی تجویز ہے‘ بدھ یا جمعرات کو دوبارہ مذاکرات ہوں گے: لیاقت بلوچ کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (آن لائن) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متعدد تجاویز پر اتفاق ہوگیا ہے، جبکہ جماعت اسلامی نے لانگ مارچ شروع کرنے کا فیصلہ آئندہ اجلاس تک مؤخر کردیا ہے۔ جماعت اسلامی کا کہنا ہے  حکومت کی جانب سے حتمی لائحہ عمل سامنے آنے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا کہ احتجاجی مارچ کیا جائے یا مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔منگل کو حکومتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے بعد نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا یہ دسواں دور تھا، اس سے قبل بھی نو نشستیں ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں جماعت اسلامی کا بنیادی مطالبہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا تھا، جس حوالے سے مختلف تجاویز پر پیش رفت ہوئی ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ عالمی صورتحال کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل میں مشکلات درپیش ہیں۔ مذاکرات میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ پہلے سے جاری ریلیف پروگرام کو مزید وسعت دی جائے، تاہم اس سہولت کو برقرار رکھنے کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے تجویز پیش کی ہے کہ ریلیف اسکیم کا دائرہ بڑھاتے ہوئے ایک ہزار سی سی گاڑیوں اور زرعی شعبے کو بھی اس میں شامل کیا جائے تاکہ مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متاثر ہونے والے مزید طبقات کو سہولت مل سکے۔نائب امیر جماعت اسلامی کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے کو بھی جائز تسلیم کیا ہے۔ جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ لیوی فوری طور پر ختم کی جائے اور عوام کو واضح اور براہ راست ریلیف فراہم کیا جائے، تاہم حکومت نے اس معاملے پر اپنے آئندہ لائحہ عمل سے جماعت اسلامی کو آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔