سیاسی جماعتوں کو لڑنے کے بجائے مل کر کام کرنا ہوگا‘ تاریخی مہنگائی کے باعث عوام حکومتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں کون مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہے:چیئرمین پیپلز پارٹی

وزیراعظم اپوزیشن کے ساتھ جھگڑوں کے بجائے اعتماد بحال کریں ملکی سیاست کو ری سیٹ کرنا پڑے گا بلاول بھٹو
 عوام کو نفرت اور تقسیم کی سیاست نہیں بلکہ اپنے معاشی مسائل کا حل چاہیے‘معاشی بحران، تعلیمی مسائل اور بے روزگاری کے موجودہ دور میں سیاسی جماعتوں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں‘حکومتیں عوام کو سہولتیں دیں
ہم سیاست میں عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں ان پر حکمرانی کرنے نہیں آئے، دعا ہے اسلام آباد والے بھی آپ پر حکمرانی کے بجائے آپ کی خدمت کا سوچیں:سیلاب متاثرین کے گھروں کی تکمیل کی تقریب سے خطاب
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے وزیراعظم اپوزیشن کے ساتھ نئے جھگڑے چھیڑنے کے بجائے اعتماد بحال کریں‘ملکی سیاست کو ری سیٹ کرنا ہوگا‘کراچی میں سندھ کے سیلاب متاثرین کے گھروں کی تکمیل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا  پوری دنیا اس وقت معاشی بحران سے گزر رہی ہے۔ تاریخی مہنگائی کے باعث عوام حکومتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ کون مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، عوام کو نفرت اور تقسیم کی سیاست نہیں بلکہ اپنے معاشی مسائل کا حل چاہیے۔ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے پورے کرکے تاریخ رقم کردی ہے، معاشی بحران، تعلیمی مسائل اور بے روزگاری کے موجودہ دور میں سیاسی جماعتوں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ 10 لاکھ گھر محض عمارتیں نہیں بلکہ ان کے مالکان کو زمین کا حق بھی دیا گیا ہے، ہم نے گھروں کی خواتین کو زمین کا مالک بنایا، جن لوگوں کے پاس اپنا گھر نہیں تھا انہیں گھر تعمیر کرکے دیے اور زمین کی ملکیت بھی منتقل کی، یہ 1970 کے بعد زمین کی منتقلی کا بھی سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ عوام اپنی حکومتوں کی طرف تقسیم کی سیاست اور ایک دوسرے کو لڑانے کے لیے نہیں دیکھتے بلکہ وہ اپنی زندگیوں کو آسان بنانے اور مسائل کے حل کی امید رکھتے ہیں، سندھ حکومت کے گھر بنانے اور مفت علاج کے منصوبے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہیں۔ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو سہولتیں فراہم کریں اور مشکل حالات میں ان کا معاشی تحفظ یقینی بنائیں، سندھ حکومت 10 لاکھ گھروں کی تعمیر کے بعد 20 لاکھ گھر بنانے کا ہدف حاصل کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام دیکھ رہے ہیں کہ کون سی سیاسی جماعت انہیں معاشی بحران سے نکالنے کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے، سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ عوام کو بتائیں کہ انہیں معاشی مشکلات اور ناکامیوں سے کیسے نکالیں گی۔ عوام یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ سیاسی جماعتیں مسائل کا حل پیش کرنے کے بجائے نفرت اور تقسیم کی سیاست تو نہیں کریں گی، موجودہ حالات میں عوام کو سیاسی محاذ آرائی کے بجائے معاشی مسائل سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا  وفاقی ادارے عالمی بینک کو یہ باور کرانے میں مصروف تھے کہ صوبائی ادارے کرپٹ ہوتے ہیں، تاہم عالمی بینک نے سندھ حکومت پر اعتماد کیا اور صوبائی حکومت نے عملی طور پر کام کرکے دکھایا۔ ہماری کردار کشی اور تنقید کرنے والے ہم سے سیکھیں کہ عوام کی خدمت کیسے کی جاتی ہے، وزیراعظم نے سیلاب کے دوران سندھ کو ایک روپیہ بھی نہیں دیا تھا، جب کہ سندھ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔ عالمی بینک نے صوبائی حکومت پر اعتماد کیا اور ہم نے اس اعتماد پر پورا اترتے ہوئے منصوبے کو مکمل کرکے دکھایا۔ تاریخی غربت، مہنگائی کیدوران عوام یہ نہیں دیکھنا چاہتے ہم آپس میں کیسے لڑیں گے، سیاسی جماعتوں کو آپس میں لڑنے کے بجائے ملکر کام کرنا ہو گا، اسلام آباد، لاہور کے کاروباری طبقے کی خواہش پر نظام کو کیسے جوڑ، توڑ کیا جائے۔اْنہوں نے  مشورہ دیا یہ وقت نہیں ہے، وزیراعظم سب سے پہلے اپنے اتحادیوں کا اعتماد بحال کریں، شہباز شریف اپوزیشن کے ساتھ نئے جھگڑے چھیڑنے کے بجائے ان کا اعتماد بحال کریں۔ شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا، شہبازشریف سے پہلے جو وزیر اعظم تھا اس نے سیلاب میں ہمیں ایک روپیہ نہیں دیا،کہا کہ سندھ ہمارا نہیں۔ خوشخبری ہے کہ وزیر اعظم اور ان کی ٹیم سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں طے کیا کہ آپس کی کوآرڈینیشن کو مزید بہتر کیا جائے گا، جو ذمہ داری وفاق کی ہے وہ پوری کریں گے جو ہماری ہے ہم وہ پوری کریں گے۔بلاول بھٹو نے کہا  ہم سیاست میں عوام کی خدمت کے لیے آئے ہیں ان پر حکمرانی کرنے نہیں آئے، دعا ہے اسلام آباد والے بھی آپ پر حکمرانی کے بجائے آپ کی خدمت کا سوچیں۔