فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم غیرقانونی شیڈ، تھڑے اور رکھی گئی اشیا ہٹا دی گئیں
تلونڈی (خصوصی رپورٹ) پیرا فورس کی سربراہی میں اسسٹنٹ کمشنر چونیاں تیمور خان اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی شیخ وقاص نے شہر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا۔کارروائی کے دوران فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم غیرقانونی شیڈ، تھڑے اور رکھی گئی اشیاء ہٹا دی گئیں، جبکہ متعدد دکانوں کو سیل اور کئی تاجروں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ آپریشن میں مشینری اور بھاری نفری استعمال کی گئی۔مقامی تاجروں کو تنبیہ کی گئی کہ تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور آئندہ خلاف ورزی پر مزید سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اسسٹنٹ کمشنر تیمور خان نے کہا کہ شہری سہولت، ٹریفک کی روانی اور شہر کی خوبصورتی متاثر کرنے والی تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ چیف آفیسر شیخ وقاص نے کہا کہ عوامی راستوں پر قبضہ کرنا جرم ہے، شہری اور تاجر تعاون کریں تاکہ شہر کو صاف ستھرا اور منظم بنایا جا سکے۔