نابیناافراد کا پھر مال روڈ پر دھرنا

صوبے کے مختلف محکموں میں ملازمت کے دوران مستقل نہیں کیا جارہا ، مطالبات تسلیم کئے جائیں ،مظاہرین 
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں نا بینا افراد اپنے مطالبات کے حق میں ایک بار پھر سڑکوں پر آ گئے ، مطالبات کے حق میں مال روڈ پر دھرنا دیدیا۔نابینا مظاہرین نے بتایا کہ انہیں پنجاب کے مختلف محکموں میں ملازمت کے دوران مستقل نہیں کیا جارہا ، وزیر اعلیٰ پنجاب سب کی ماں ہیں، ان کے بچے اپنے روزگار کیلئے دھرنا دیکر بیٹھے ہیں،خدا کے واسطے ہماری التجا کو سنا جائے،مظاہرین کا کہنا تھا گزشتہ سال جب احتجاج کیا تو ہمارے اوپر لاٹھی چارج کیا گیا،سخت سردی میں واٹر کینن کا استعمال بھی سہنا پڑا تھا۔نابینا افراد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز سے مطالبہ ہے ہمارے مطالبات جو سراسر جائز ہیں انہیں تسلیم کرتے ہوئے اس ضمن میں درکار اقدامات کئے جائیں۔