مطالبات کی منظوری تک احتجاج برقرار، مذاکرات کی متعدد کوششیں بھی کامیاب نہ ہوسکیں
وزیراعلیٰ پنجاب سے مستقل ملازمتوں کی منظوری کا مطالبہ، چوک کا ایک حصہ ٹریفک کیلئے بند
لاہور (آن لائن) لاہور کے مال روڈ پر چیئرنگ کراس کے مقام پر نابینا افراد کا دھرنا پانچویں روز بھی جاری ہے جس کے باعث چوک ایک جانب سے ٹریفک کے لیے بند ہے اور گاڑیوں کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔ پولیس کی بھاری نفری ڈی ایس پی خرم چیمہ کی سربراہی میں موقع پر موجود ہے اور حالات پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا جائے۔ ان کے مطابق مذاکرات کی اب تک کی تمام کوششیں ناکام رہی ہیں۔ نابینا افراد کا کہنا ہے کہ ان کا مسئلہ پنجاب سطح کا ہے اور صرف وزیراعلیٰ پنجاب ہی ان کے مطالبات منظور کر سکتے ہیں۔مظاہرین نے واضح کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، دھرنا جاری رہے گا۔