حکومت قانون سازی سے مال روڈ کو ریڈ زون قرار دے:صدر انجمن تاجران
لاہور(خصوصی رپورٹ) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا عدالت کے واضح احکامات کے باوجود مال روڈ پر احتجاج اور دھرنوں کا ہونا انتظامیہ کی رٹ پر سوالیہ نشان ہے ، اس طرز کی سر گرمیوں سے نہ صرف عوام کو ٹریفک جام کی صورت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ مال روڈ اوراس سے ملحقہ مارکیٹوں اور بازاروں میں کاروبار بھی بری طرح متاثر ہو رہاہے۔ اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اشرف بھٹی نے کہا کہ مال روڈ انتہائی اہمیت کی حامل شاہراہ ہے جس پر احتجاج سے عوام کا نظام زندگی اور تاجروں کا کاروبار بری طرح متاثر ہوتا ہے ، حکومت سے اپیل ہے کہ مال روڈ کے حوالے سے باضابطہ قانون سازی کے ذریعے اسے ریڈ زون قرار دیا جائے ، انہوں نے کہا احتجاجی سر گرمیوں کے لئے جگہ مختص کرنے کے باوجود اس پر عملدر آمد نہ ہونے پر سول انتظامیہ اور پولیس سے پوچھ گچھ کی جائے۔انہوں نے کہا احتجاج کا مقصد حکومت اور اداروں تک اپنے مطالبات پہنچانا ہوتا ہے نہ کہ راستوں کی بندش سے عوام کو مشکل میں ڈال دیا جائے۔