ویب ڈیسک:گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے پنجاب میں بگڑتی سموگ کی صورتحال کے پیش نظر حکومت پنجاب سے فوری طور پر سموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
گورنر کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں سموگ کی شدت قابو سے باہر ہو چکی ہے اور شہری بڑی تعداد میں سانس اور دیگر بیماریوں کے باعث ہسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سموگ کی روک تھام کے لیے حکومت پنجاب کے موجودہ اقدامات ناکام ثابت ہو رہے ہیں، اور محض ظاہری اقدامات کے بجائے مستقل بنیادوں پر ٹھوس کام کرنا ضروری ہے۔ تعلیمی ادارے اور پارکس بند کرنے سے بھی کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا، جبکہ مارکیٹوں کو رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلے کو تاجر ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔مزید برآں، گورنر پنجاب سے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بھی ملاقات کی، جس میں پنجاب کو درپیش تعلیمی چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر گفتگو کی گئی۔