ویب ڈیسک:گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کے دوران کہا کہ تھانہ کلچر میں تبدیلی کی ضرورت ہے اور پولیس کو حقیقی معنوں میں عوام کا مددگار بننا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو عوام کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے چاہیے۔ گورنر پنجاب نے یہ بھی کہا کہ صوبے میں امن و امان کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور سکیورٹی اداروں کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔سردار سلیم حیدر خان نے سموگ کی بڑھتی ہوئی صورت حال پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ملاقات کے دوران آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام ان کی اولین ترجیح ہے اور حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر سکیورٹی کو ہائی الرٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے سموگ سے متعلق حکومت کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔