رات گئے موسم خوشگوار، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارش، راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ

رات گئے موسم خوشگوار، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارش، راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ

رات گئے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا، تیز ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 اور کم سے کم 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی بھی پیشگوئی کی ہے۔دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔اسلام آباد، راولپنڈی، کوہاٹ، کرک، میانوالی اور دنیا پور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔جھنگ، چشمہ، دریا خان، کچہ گجرات، پیلاں اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی، جبکہ کندیاں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور گلیاں محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔

بارش کے باعث مختلف علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ایم ڈی واسا کے مطابق موسلادھار بارش کے پیش نظر راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، تمام فیلڈ افسران کو متحرک کردیا گیا جبکہ واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری نشیبی علاقوں میں تعینات کردی گئی ہے۔حکام کے مطابق نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 2 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔