بھارت نہیں آئے گا تو پاکستان اسکے خلاف کبھی نہیں کھیلے گا، حکومتی ذرائع

 کوئی جواز نہیں کہ بھارت نہ آئے،پاکستان چیمپئئنز ٹرافی کے حوالے سے کسی ماڈل کو قبول نہیں کرے گا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کے پاکستان نہ آکر کھیلنے سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کردیا جبکہ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بھارت پاکستان نہیں آئے گا تو پاکستان بھی آئندہ کبھی کسی ٹورنامنٹ میں بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کا حکومت پاکستان کے ساتھ رابطہ ہے اور بھارت کے نہ آنے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کا بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں آنے سے انکار پر سخت فیصلے لینے کا امکان ہے۔ ذرائع نے کہا کہ حکومت غور کر رہی ہے کہ اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کیلئے نہیں آئے گا تو پاکستان آئندہ کبھی بھارت کیساتھ کوئی میچ نہیں کھیلے گا اورپاکستان چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے کسی ماڈل کو قبول نہیں کرے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے سخت مؤقف اپنایا ہے، پاکستان کی ٹیم ہمیشہ بھارت بھیجی، اچھا تاثر دیا لیکن بھارت ہمیشہ سیاست کو شامل کرتا ہے۔ پاکستان چیمپئنز ٹرافی پر پیچھے نہیں ہٹے گا، بھارت نہیں آئے گا تو آخری حد تک جائیں گے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق سٹیڈیم بن رہے ہیں، سکیورٹی اچھی ہے بھارت کے پاس کوئی جواز نہیں کہ وہ نہ آئے۔ اگر بھارت نہیں آئے گا تو ریونیوکا نقصان ہمیں ہوگا لیکن جب ہم بھارت سے میچ نہیں کھیلیں گے تب نقصان ان کا بھی ہوگا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے کسی ماڈل کو قبول نہیں کرے گا۔