ڈکیت گروہ گرین ٹائون میں کرائے کے گھرمیں رہائش پذیر تھا،پولیس چھاپے کے دوران فائرنگ کردی ،جوابی کارروائی میں مارے گئے
گروہ ایک ہفتے میں بینک سے رقم نکلوانے والوں کو لوٹنے کی 3وارداتیں کر چکا تھا، سرکاری اداروں کی وردیوں میں متعدد وارداتیں کیں،پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر )لاہور کے علاقے گرین ٹائون میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک خاتون سمیت پانچ ڈاکو ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او گرین ٹائون اور ایک کانسٹیبل زخمی ہوا، پولیس نے گرین ٹائون میں واقع گھر پر رات گئے چھاپہ مارا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مارے گئے ملزمان سنگین وارداتوں اور جرائم میں ملوث تھے، یہ ڈکیت گروہ گرین ٹائون میں گھر کرائے پر لیکر رہائش پذیر تھا، ڈاکوئوں کو ٹریس کر کے رات گئے چھاپہ ماراتو ڈاکوئوں نے فائرنگ کردی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیت گروہ ایک ہفتے میں بینک سے رقم نکلوانے والوں کو لوٹنے کی 3وارداتیں کر چکا تھا، اس گینگ نے پولیس یونیفارم، سرکاری اداروں کی وردیوں میں متعدد وارداتیں کیں۔پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکوئوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جس کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔