گوجرانوالہ میں نعیم اور اویس ،قصور میں عادل ،منڈی فیض آباد میں مصطفی، گوجرہ میں اطہر ولی ہلاک
گوجرانوالہ ،قصور،ننکانہ صاحب ،گوجرہ(خصوصی رپورٹ)گوجرانوالہ ،قصور ،ننکانہ صاحب اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سی سی ڈی کے ساتھ پولیس مقابلوں میں 5ڈاکو ہلاک ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں پولیس کے تین الگ الگ مبینہ مقابلے ہوئے، واہنڈو کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران خطرناک ڈاکونعیم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا،نعیم دورانِ ڈکیتی فیملی کو زخمی کرنے سمیت 20 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا اس کے 2ساتھی فرار ہوگئے۔ تتلے عالی میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو اویس اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جو ڈکیتی، چوری اور دورانِ واردات فائرنگ کر کے شہریوں کو زخمی کرنے کی 20 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا،اس کے تین ساتھی فرار ہوگئے۔باغبانپورہ گوجرانوانلہ میں منشیات فروش شہباز عرف کالا پولیس پارٹی پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش میں موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیاگیا،اس کا ایک ساتھی فرار ہو گیا۔ سی سی ڈی اہلکارکھارا روڈ بائی پاس قصور میں گشت کررہے تھے کہ تین موٹرسائیکل سواروں کو مشکوک جان کر رْکنے کا اشارہ کیا جنہوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی ،فائرنگ رکنے پر ایک ڈاکو عادل زخمی حالت میں ملا جسے اپنے ساتھیوں کی گولی لگی ،وہ بابابلھے شاہ ہسپتال قصور میں علاج کے دوران چل بسا ،اس کے بارے میں علم ہوا کہ وہ نومسلم تھا اور کھیاڑے کلاں ضلع ننکانہ صاحب کا رہائشی تھا۔ ننکانہ صاحب میں تھانہ منڈی فیض آباد کی حدود میں پولیس نے ترکھانوالہ روڈ پر دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں غلام مصطفی عرف مصطی نامی ڈاکو اپنے ساتھیوں کی گولی کا نشانہ بن گیا ، جس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی،وہ 36مقدمات میں مطلوب تھا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سی سی ڈی پولیس اہلکار جھنگ روڈ پر گشت کررہے تھے کہ چک نمبر 307 ج ب کے قریب تین موٹر سائیکل سوار افراد کو روکا تو انہوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔فائرنگ رکنے پر پولیس نے ایک ڈاکواطہر ولی عرف اظہار شاہ سکنہ اگوکی سیالکوٹ کو زخمی حالت میں پکڑ لیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔بصیر پور میں رکن پورہ روڈپربھٹہ چوک کے قریب پولیس مقابلہ کے دوران اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زدمیں آکر 22مقدمات میں ریکارڈیافتہ خطرناک ڈاکوماجدزخمی ہوگیا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔تھانہ قبولہ کے علاقہ ماچھی سنگھ کے قریب پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم ابراہیم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا جس نے ایک روز قبل قبولہ میں 6 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کی تھی ،ملزم اپنے ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوا جو موقع سے فرار ہوگیا۔