لاہورمیں پولیس مقابلہ: خطرناک شوٹر و اجرتی قاتل ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

پولیس ملزم کو برآمدگی اسلحہ کے لیے لے جارہی تھی، 3ملزمان نے چھڑوانے کیلئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی
ملزم شدیدزخمی ہوگیا،ہسپتال لے جاتے دم توڑ گیا،شہبازخان قتل سمیت درجنوں وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا
 لاہور(کرائم رپورٹر )لاہور میں انتہائی خطرناک شوٹر اور اجرتی قاتل شہباز خان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، ہلاک ملزم درجنوں وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا۔تفصیل کے مطابق آرگنائزڈ کرائم یونٹ ماڈل ٹائون اور ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران انتہائی خطرناک شوٹر و اجرتی قاتل شہباز خان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ڈی ایس پی نے کہا کہ پولیس جسمانی ریمانڈ کے ملزم کو برآمدگی اسلحہ علاقے تھانہ فیکٹری ایریا لے جارہی تھی، 3 ملزمان نے ساتھی شوٹر کو چھڑوانے کیلئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔ حکام کا کہنا تھا کہ ساتھیوں کی فائرنگ سے شوٹر شہباز خان شدید زخمی ہوا ، جس پر اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ ہلاک ملزم قتل،اقدام قتل،ڈکیتی، بھتہ خوری جیسی درجنوں وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ہلاک ہونے والے ملزم کیساتھی فرار ہوگئے تاہم گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔