ملزم عمران شیرو کا چند ماہ قبل اپنے بھتیجے عثمان سے جھگڑا ہوا تھا، فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں میں عثمان کے دو دوست اور دو گارڈ شامل
پولیس کے پہنچنے پرملزم ساتھی سمیت قریبی سکول میں چھپ گیا،ایس ایچ اوصفدرعطاء زخمی ہوگئے ،جوابی کارروائی میں عمران شیرومارا گیا
گوجرانوالہ(آئی این پی )گوجرانوالہ میں دیرینہ دشمنی کی بنیاد پر فائرنگ کرکے 5افراد کو قتل کردیا گیا۔ تفصیل کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے تھانہ تتلے عالی کی حدود اڑتالی ورکاں میں دیرینہ عداوت نے خونیں رخ اختیار کر لیا، جہاں ملزم عمران شیرو نے معمولی تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔فائرنگ میں جاں بحق ہونے والوں میں 28سالہ عثمان ورک، 28سالہ وقاص، 40سالہ عمران عاشق، 18سالہ عمر اور افضل شامل ہیں۔ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت گن مین سلمان کے طور پر ہوئی ہے جو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں عثمان ورک کا گن مین اور قریبی دوست بھی شامل ہیں۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایس پی صدر سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور لاشوں و زخمی کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔واقعہ کے بعد پولیس کی بروقت کارروائی کے دوران ملزم پولیس مقابلہ میں ہلاک ہو گیا، ایس ایچ او تتلے عالی بھی زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق ملزم عمران شیرو کا چند ماہ قبل اپنے بھتیجے عثمان سے جھگڑا ہوا تھا، فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں میں عثمان کے دو دوست اور دو گارڈ شامل ہیں، ملزم فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہو گیا۔تتلے عالی پولیس نے اطلاع ملتے ہی ملزم کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کر دی، ملزم اپنے ساتھی کے ہمراہ قریب سکول میں چھپ گیا اور پولیس کو اپنی جانب آتا دیکھ کر گولی چلا دی، ملزموں کی ایک گولی ایس ایچ او تتلے عالی صفدر عطا بھٹی کو لگی۔ایس ایس پی آپریشنز نوشہرہ ورکاں نے بتایا کہ پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں ملزم عمران شیرو مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہواہے، ایس ایچ او تتلے عالی صفدر عطا بھٹی کو بھی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دوسری جانب واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او گوجرانوالہ سے فوری رپورٹ طلب کرلی ۔