کراچی میں عیدِ قربان سے قبل ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد تیزی سے جاری ہے، جہاں ایک نایاب اور انتہائی مہنگا بیل شہریوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق منڈی میں اب تک ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد جانور لائے جا چکے ہیں جن میں بیل، اونٹ، دنبے اور بکرے شامل ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں سے روزانہ کی بنیاد پر جانور منڈی میں پہنچ رہے ہیں جس کے باعث منڈی میں گہما گہمی بڑھ گئی ہے۔منڈی انتظامیہ کے ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کے مطابق حب ساکران سے تعلق رکھنے والے ایک بیوپاری کا لایا گیا منفرد بیل اس وقت سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس بیل کی مالیت تقریباً 3 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے، جبکہ اس کی غیر معمولی جسامت اور خوبصورتی نے اسے منڈی کا نمایاں ترین جانور بنا دیا ہے۔بیوپاری اس بیل کو قدرت کا شاہکار قرار دے رہا ہے، اور شہری بڑی تعداد میں اسے دیکھنے کے لیے منڈی کا رخ کر رہے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق منڈی میں آنے والے بیوپاریوں اور خریداروں کے لیے 24 گھنٹے پانی کی فراہمی سمیت بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ جانوروں کی دیکھ بھال بہتر انداز میں ہو سکے۔مزید بتایا گیا ہے کہ آئندہ دنوں میں جانوروں کی آمد میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس کے پیش نظر سکیورٹی، جگہ اور انتظامی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔