فیصل کامران نے اہلکاروں کو فول پروف سکیورٹی اور سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت دی
لاہور(کرائم رپورٹر) فیصل کامران معرکہ? حق کی تقریبات کے آخری روز واہگہ بارڈر پہنچے جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات، شہری سہولیات اور ٹریفک پلان کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر واہگہ بارڈر پر شہریوں کی بڑی تعداد افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور قومی یکجہتی کے اظہار کیلئے موجود تھی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کی آمد و رفت، پارکنگ ایریاز، داخلی و خارجی راستوں، نفری کی تعیناتی اور مجموعی سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔ ایس پی کینٹ اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود رہے۔فیصل کامران نے ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کو مکمل الرٹ رہنے، شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ترجیح رہی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اور شہریوں کا والہانہ جذبہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ عوام اپنے محافظوں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس قومی تقریبات کے پرامن انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بناتی رہی ہے۔